شادمان: بیوی کے قتل کا مقدمہ درج، شوہر، ساس اور تین دیور نامزد
02-25-2026
(لاہور نیوز) شادمان کے علاقے میں شوہر کے مبینہ تشدد سے بیوی کے قتل کی افسوسناک واردات، جس پر پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔
پولیس کے مطابق مقدمہ مقتولہ کے والد کی مدعیت میں تھانہ شادمان میں درج کیا گیا، جس میں شوہر، ساس اور تین دیوروں کو نامزد کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق مدعی نے مؤقف اختیار کیا کہ 12 سال قبل اپنی بیٹی کی شادی کے موقع پر اسے 150 تولہ سونا دیا گیا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ شادی کے بعد سے ہی شوہر اور سسرال والے بیٹی کو مبینہ طور پر ہراساں کرتے اور جھگڑا کرتے رہے۔ مدعی کے مطابق بیٹی کا گھر بسانے کے لیے ڈیفنس میں ایک کمرشل پلاٹ اور برانڈ رتھ روڈ پر ایک دکان بھی بیٹی کے نام منتقل کی گئی۔ اس کے باوجود ملزمان مزید ساڑھے تین کروڑ روپے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ ایف آئی آر میں یہ بھی درج ہے کہ ایک کروڑ روپے مدعی نے اپنے ملازم کے ذریعے مرکزی ملزم اسماعیل کو بھجوائے۔ والد کا الزام ہے کہ ملزم ان کی بیٹی کی گاڑی فروخت کرنا چاہتا تھا، جس پر جھگڑا ہوا اور بعد ازاں بیٹی کو قتل کر دیا گیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں اور نامزد ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔