ماہ صیام میں سکیورٹی ہائی الرٹ،لاکھوں روپے کی منشیات پکڑی گئی

02-24-2026

(لاہور نیوز) رمضان المبارک کے دوران سکیورٹی خدشات کے پیش نظر لاہور میں ہائی الرٹ جاری ہے اور شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر قائم ناکہ جات پر سخت چیکنگ کی جا رہی ہے۔

ترجمان ڈولفن کے مطابق ناکہ سگیاں پر انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کے دوران منشیات سپلائی کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ موبائل اسکواڈ نے مشکوک گاڑی کی تلاشی کے دوران 1278 گرام سے زائد چرس اور 70 ہزار روپے سے زائد نقدی برآمد کی۔ ملزم کی شناخت امان اللہ کے نام سے ہوئی ہے، جو صوابی سے لاہور منشیات سپلائی کر رہا تھا۔ برآمد شدہ چرس اور نقدی سمیت ملزم کو قانونی کارروائی کے لیے چوکی سگیاں کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ایس پی موبائلز اختر نواز نے ناکہ انچارج اور جوانوں کو کامیاب کارروائی پر شاباش دی۔ حکام کے مطابق صوبائی دارالحکومت کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر کڑی نگرانی کا سلسلہ جاری رہے گا تاکہ ماہِ صیام کے دوران امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھا جا سکے۔