سٹی ٹریفک پولیس کا کریک ڈاؤن، بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کے چالان
02-24-2026
(لاہور نیوز) ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور متعدد گاڑیاں مختلف تھانوں میں بند کر دی گئی ہیں۔
سی ٹی او لاہور ڈاکٹر اطہر وحید کے حکم پر ون وے، لین لائن، بغیر نمبر پلیٹ، بغیر ہیلمٹ، تجاوزات اور غیر قانونی پارکنگ کے خلاف سخت کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں، ترجمان کے مطابق گزشتہ تین روز کے دوران بغیر ہیلمٹ 10 ہزار 982 موٹرسائیکل سواروں کے چالان کئے گئے جبکہ ایک ہزار 536 موٹر سائیکلوں کو تھانوں میں بند کیا گیا۔ ون وے کی خلاف ورزی پر 5 ہزار 389 گاڑیوں کو چالان جاری کئے گئے اور 753 گاڑیاں بند کی گئیں، لین لائن ڈسپلن کی خلاف ورزی پر ایک ہزار 754 گاڑیوں کو جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ 245 کو تھانے کے حوالے کیا گیا، غیر نمونہ، ٹیمپرڈ اور بغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک ہزار 495 چالان جاری اور 208 گاڑیاں بند کی گئیں۔ مزید برآں رانگ پارکنگ، ٹریفک میں خلل ڈالنے اور غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز و تجاوزات قائم کرنے پر 16 افراد کے خلاف مختلف تھانوں میں ایف آئی آرز درج کی گئیں، سی ٹی او نے ہدایت کی ہے کہ سڑکوں پر راستے روکنے اور تجاوزات قائم کرنے والوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی جاری رکھی جائے۔ ڈاکٹر اطہر وحید کا کہنا ہے کہ شہریوں کو حادثات سے محفوظ رکھنا اولین ترجیح ہے اور ٹریفک پولیس 24 گھنٹے سڑکوں پر شہریوں کی مدد کیلئے موجود ہے۔