سینیٹ اجلاس پیر دوپہر دو بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہو گا، 41 نکاتی ایجنڈا جاری

02-22-2026

(لاہور نیوز) سینیٹ کا اجلاس کل دوپہر دو بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں شروع ہو گا۔

  سینیٹ سیکرٹریٹ نے اجلاس کا 41 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا جس کے مطابق اسلام آباد ریئل اسٹیٹ ریگولیشن ایکٹ میں ترمیم کا بل پیش کرنے کی تحریک شامل ہے۔ ایجنڈے میں فیڈرل پبلک سروس کمیشن آرڈیننس میں ترمیم، پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 361 اور 375 میں ترمیم ، حدود آرڈیننس (زنا) میں ترمیمی بل اور میجارٹی ایکٹ 1875 میں ترمیمی بل شامل ہے۔ اِسی طرح قومی اسمبلی سے منظور شدہ اہم بلز بھی زیر غور لائے جائیں گے جن میں زکوٰۃ و عشر ترمیمی بل 2025 پر غور اور منظوری متوقع ہے، البیرونی انٹرنیشنل یونیورسٹی اسلام آباد کے قیام، کارپوریٹ سوشل رسپانسبلٹی بل 2026 منظوری کے لئے پیش ہو گا۔ ایوان سے فیملی کورٹس ایکٹ میں ترمیمی بل منظور کئے جانے کا امکان ہے، اسلام آباد میں جسمانی سزا کی ممانعت سے متعلق قانون اور پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 377A میں ترمیمی بل زیر غور ہے جب کہ نیشنل سکیورٹی کونسل ایکٹ میں ترمیم پیش کی جائے گی۔ مزید برآں معاشی و انتظامی قوانین میں مجوزہ ترامیم بھی ایوان میں پیش کی جائیں گی امپورٹس اینڈ ایکسپورٹس کنٹرول ایکٹ میں ترمیم، سپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی ایکٹ، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی ایکٹ میں ترامیم کا بل پیش کیا جائے گا۔