سی ایم گرین ٹریکٹر پروگرام فیز-3 :مریم نواز نے قرعہ اندازی کا باقاعدہ آغاز کیا
02-22-2026
(لاہور نیوز) سی ایم گرین ٹریکٹر پروگرام فیز-3 کی افتتاحی تقریب، مریم نواز شریف نے قرعہ اندازی کا باقاعدہ آغاز کیا اور کامیاب کاشتکاروں کو مبارکباد دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 25 سال میں جہاں 20 ہزار ٹریکٹر فراہم کیے گئے، وہیں صرف دو سال کے دوران پنجاب کے کاشتکاروں کو 31 ہزار ٹریکٹر فراہم کر کے نیا ریکارڈ قائم کیا گیا ہے۔ قرعہ اندازی کے دوران وزیراعلیٰ نے خوش نصیب کاشتکاروں کو خود فون بھی کیا۔ انہوں نے بہاولپور کے کاشتکار حمزہ لیاقت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا آپ کی سی ایم مریم نواز بول رہی ہوں، قرعہ اندازی میں آپ کا ٹریکٹر نکل آیا، مبارک ہو۔ مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ گرین ٹریکٹر سکیم کے باعث صوبے کا زرعی لینڈ سکیپ تبدیل ہو رہا ہے اور جدید زرعی مشینری کی فراہمی سے پیداوار میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ کاشتکاروں کی فلاح و بہبود پر توجہ مرکوز رکھی ہے اور آئندہ بھی کسان دوست پالیسیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔