رمضان ریلیف: ٹاؤن شپ ماڈل بازار میں پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں میں کمی
02-22-2026
(ویب ڈیسک) رمضان المبارک کے موقع پر ٹاؤن شپ ماڈل بازار میں شہریوں کو بڑا ریلیف فراہم کیا گیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق روزمرہ استعمال کی اشیائے خورونوش خصوصاً پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی گئی ہے تاکہ مہنگائی سے متاثرہ عوام کو سہولت مل سکے۔ ماڈل بازار میں آلو، پیاز اور ٹماٹر سمیت مختلف سبزیوں کی قیمتوں میں فی کلو 5 روپے تک کمی کی گئی ہے۔ سرکاری نرخوں کے مطابق لہسن 525 روپے اور ادرک 215 روپے فی کلو دستیاب ہیں جبکہ مٹر 38 روپے اور مولی 18 روپے فی کلو فروخت کی جا رہی ہے۔ اسی طرح لیموں 60 روپے اور گاجر 28 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔ پھلوں کی قیمتوں میں بھی کمی کی گئی ہے۔ سیب ایرانی 395 روپے فی کلو جبکہ کیلا 230 روپے فی درجن دستیاب ہے۔ کنو 220 روپے فی درجن فروخت ہو رہا ہے جبکہ چینی کی قیمت 140 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔ شہریوں نے رمضان ریلیف پیکیج کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اس ریلیف میں مزید اضافہ کیا جائے اور اس کا دائرہ دیگر علاقوں تک بھی بڑھایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ مستفید ہو سکیں۔