اپریل سے کسانوں کو مفت زمین ملنا شروع ہو جائیگی، مریم نواز کا اعلان

02-22-2026

(لاہور نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اعلان کیا ہے کہ اپریل سے “اپنا کھیت، اپنا روزگار” سکیم کے تحت کسانوں کو مفت سرکاری زمین فراہم کی جائے گی۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پنجاب کی تمام قابل کاشت سرکاری زمین کسانوں کو 10 سالہ لیز پر دی جائے گی، ہر کسان کو 5 ایکڑ زمین فراہم کی جائے گی اور اس کے عوض کسی قسم کی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو زمین کے ساتھ مالی امداد بھی فراہم کی جائے گی تاکہ وہ فوری طور پر کاشتکاری کا آغاز کر سکیں۔ مریم نواز نے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد زرعی شعبے کو مضبوط کرنا اور دیہی معیشت کو سہارا دینا ہے۔ واضح رہے کہ 4 فروری کو راجن پور میں الیکٹرو بس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے “اپنا کھیت، اپنا روزگار” منصوبے کا اعلان کیا تھا۔ جس کے تحت تقریباً ڈھائی لاکھ ایکڑ اراضی غریب اور مستحق افراد کو فراہم کرنے کا عندیہ دیا گیا تھا۔ حکومتی ذرائع کے مطابق سکیم کی تفصیلات اور درخواست کا طریقہ کار جلد جاری کیا جائے گا۔