سوہنا پنجاب پروگرام: 52 شہروں میں بڑے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری
02-21-2026
(ویب ڈیسک) حکومتِ پنجاب نے صوبے کے 52 شہروں میں اربن ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت بڑے پیمانے پر ترقیاتی سکیمیں مکمل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
سوہنا پنجاب پروگرام کے تحت 51 شہروں کے منصوبوں کی باقاعدہ منظوری دے دی گئی، سرکاری دستاویزات کے مطابق منظور شدہ منصوبوں کی مجموعی مالیت 302 ارب روپے ہے، جبکہ پروگرام کی کل تخمینہ لاگت 304 ارب روپے مقرر کی گئی ہے۔ پروگرام کے تحت پنجاب بھر میں 5397 کلومیٹر نئی سیوریج لائن بچھائی جائے گی، جبکہ 181 کلومیٹر سٹارم واٹر ڈرینز تعمیر کی جائیں گی، ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کی استعداد 323 ایم جی ڈی تک بڑھانے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔ مزید برآں 33 ہزار سے زائد مین ہول کورز نصب کئے جائیں گے اور صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے 308 جدید سکشن جیٹنگ مشینیں فراہم کی جائیں گی۔ سوہنا پنجاب پروگرام میں 67 واٹر سپلائی سکیمیں شامل کی گئی ہیں تاکہ شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ پروگرام کے تحت 6100 کلومیٹر سڑکیں اور سٹریٹ پیومنٹس تعمیر کئے جائیں گے، منصوبے میں پارکس، سٹریٹ لائٹس اور دیگر شہری سہولیات کی بہتری بھی شامل ہے۔