برائلر گوشت کے نرخ میں کمی، قیمت 468 روپے کلو مقرر
02-21-2026
(ویب ڈیسک) شہر میں پولٹری مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کا سلسلہ جاری ہے اور تازہ نرخ نامے کے مطابق برائلر کی قیمت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
سرکاری طور پر برائلر کے نرخ میں 14 روپے فی کلو کمی کر دی گئی، جس کے بعد برائلر گوشت کی نئی قیمت 468 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، تاہم مختلف علاقوں میں صافی گوشت شہریوں کو 540 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔ زندہ برائلر کے نرخ میں بھی 10 روپے فی کلو کمی کی گئی ہے، فارم گیٹ ریٹ زندہ برائلر 295 روپے فی کلو مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ہول سیل مارکیٹ میں زندہ برائلر 309 روپے فی کلو دستیاب ہے، پرچون بازار میں زندہ برائلر کی قیمت 323 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔ دوسری جانب انڈوں کی قیمتوں میں استحکام برقرار ہے، انڈے 236 روپے فی درجن کی سطح پر برقرار ہیں، جبکہ ہول سیل مارکیٹ میں انڈوں کی ایک پیٹی 6 ہزار 960 روپے مقرر کی گئی ہے۔