دالوں اور بیسن کی قیمتوں میں تیزی، سرکاری ریٹ صرف مخصوص سٹورز پردستیاب
02-20-2026
(لاہور نیوز) مارکیٹ میں دالوں، چنوں اور بیسن کی قیمتوں میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران شدید اضافہ دیکھا گیا ہے، دال ماش، دال مونگ، دال چنا اور بیسن کے نرخ سرکاری ریٹ سے 15 سے 40 فیصد تک زیادہ فروخت ہو رہے ہیں۔
مارکیٹ میں دال ماش 500 سے 550 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے جبکہ سرکاری ریٹ 410 روپے کلو ہے۔ دال مونگ کی قیمت 400 سے 450 روپے کلو تک جا پہنچی ہے، جبکہ اس کا سرکاری نرخ 345 روپے کلو ہے۔ دال چنا 260 سے 280 روپے کلو میں دستیاب ہے، جبکہ سرکاری ریٹ 230 روپے کلو ہے۔ بیسن کی قیمت 300 سے 350 روپے کلو تک جا پہنچی ہے، جو کہ سرکاری نرخ 250 روپے کلو سے کافی زیادہ ہے۔ ماہرین نے بتایا کہ مارکیٹ میں یہ اضافہ بنیادی طور پر محدود سرکاری ریٹ پر دستیابی اور دیگر سپلائی عوامل کی وجہ سے ہے۔ سرکاری ریٹ صرف چند سپر سٹورز کے مخصوص کاونٹرز پر دستیاب ہیں، جبکہ باقی مارکیٹ میں قیمتیں من مانے ریٹ پر فروخت ہو رہی ہیں۔ دال ماش اور بیسن کے نرخ میں گزشتہ ایک ماہ میں 5 سے 10 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اس کے علاوہ دال چنا کے نرخ بھی تیزی سے بڑھ رہے ہیں، جس سے عام خریدار کی زندگی پر مہنگائی کا دباؤ بڑھ رہا ہے۔