کوٹ لکھپت جیل میں قید پی ٹی آئی کے سینئر رہنماؤں کا میڈیا کے نام اہم خط

02-20-2026

(لاہور نیوز) کوٹ لکھپت جیل میں قید پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنماؤں نے مشترکہ طور پر میڈیا کے نام خط جاری کرتے ہوئے اہم سیاسی پیغام دیا ہے۔

خط پر شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز چوہدری، عمر سرفراز چیمہ اور میاں محمود الرشید کے دستخط موجود ہیں۔ خط میں کہا گیا ہے کہ رمضان المبارک کے تقدس کے پیش نظر ہر قسم کی احتجاجی تحریک کو موخر کیا جائے۔ رہنماؤں نے سابق صدر آصف علی زرداری کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کے خلاف حالیہ بیان بازی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے غیر ذمہ دارانہ قرار دیا۔ خط کے متن کے مطابق بانی پی ٹی آئی باوقار انداز میں مشکل حالات میں قید کاٹ رہے ہیں اور حکومت ان کی صحت کے معاملے پر سیاست بند کرے۔ رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں اور ذاتی معالجین کو اعتماد میں لے کر ان کا علاج کرایا جائے تاکہ کسی قسم کے ابہام کو ختم کیا جا سکے۔ خط میں تحریک تحفظ آئین پاکستان سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ پارلیمان کے اندر بھرپور سیاسی کردار ادا کرے اور جمہوری انداز میں جدوجہد جاری رکھے۔ مزید کہا گیا کہ تحریک انصاف کے تمام عہدیداران تنظیم کو ازسرِنو منظم کریں اور بلدیاتی انتخابات کی تیاری کے لیے پارٹی ڈھانچے کو نچلی سطح تک فعال بنایا جائے۔ خط میں ملک میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی، مہنگائی، بے روزگاری، تعلیمی بحران اور کرپشن جیسے مسائل کو بھرپور انداز میں اجاگر کرنے پر بھی زور دیا گیا ہے۔