رمضان المبارک کے پہلے جمعہ پر لاہور میں سکیورٹی ہائی الرٹ

02-20-2026

(لاہور نیوز) رمضان المبارک کے پہلے جمعہ کے موقع پر شہر بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی۔

سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ جمعۃ المبارک کے اجتماعات کے پیش نظر بھرپور سکیورٹی اقدامات کیے گئے ہیں اور نمازِ جمعہ کے اختتام تک الرٹ برقرار رہے گا۔ بلال صدیق کمیانہ کے مطابق جمعہ کے اجتماعات، مارکیٹس اور دیگر عوامی مقامات پر اضافی نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ شہر کی نگرانی کے لیے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے کیمروں سے خصوصی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ نمازِ جمعہ کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ سحر و افطار اور جمعہ کے اوقات میں ڈولفن اسکواڈ اور پولیس ریسپانس یونٹ کی ٹیمیں مؤثر پٹرولنگ یقینی بنا رہی ہیں۔ مزید برآں شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کا عمل مزید سخت کر دیا گیا ہے جبکہ ڈیوٹی پر تعینات افسران اور جوانوں کو مکمل الرٹ رہ کر فرائض انجام دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ شرپسند عناصر کی سرکوبی کے لیے سرچ اور کامبنگ آپریشنز بھی جاری ہیں۔