پنجاب کے ہر سکول کی حالت بہتر بنانا میری ذمہ داری ہے: وزیر اعلی پنجاب مریم نواز
02-19-2026
(لاہور نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب کے ہر سکول کی حالت بہتر بنانا میری ذمہ داری ہے، کوشش ہے کہ ہر بچہ سرکاری سکول میں معیار تعلیم حاصل کرے اور اعتماد سے زندگی کو سنوارے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں سکول ایجوکیشن سے متعلق بریفنگ دی گئی، ساتھ ہی کئی اہم فیصلے بھی کیے گئے۔ پنجاب میں تعلیمی تفریق مٹانے کا مشن، سرکاری سکولوں کو نجی اداروں سے برتر بنانے کے لیے تاریخ ساز اصلاحات کی منظوری دے دی گئی ہے۔ سرکاری اساتذہ کے لیے 'پروفیشنل ڈریس کوڈ' متعارف کرانے کا بڑا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیر اعلی مریم نواز نے ہر سرکاری سکول کو 'سیف اینڈ کلین زون' بنانے کا فیصلہ کیا ہے، اس کے علاوہ عالمی شہرت یافتہ پروگرام ستھرا پنجاب سرکاری سکولوں میں بھی متعارف کرانے کا پلان تیار کیا گیا ہے، سکولوں میں صفائی کے لئے ستھرا پنجاب کی سروسز حاصل کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ طلبہ اور اساتذہ کے تحفظ کے لیے پنجاب کے سرکاری سکولوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے، پنجاب پبلک سکول ری آرگنائزیشن پروگرام کے تحت آؤٹ سورسنگ فیز فور کی منظوری دی گئی ہے، آؤٹ سورسنگ کے لئے سکول ایمپرورومنٹ کارڈ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پنجاب کے 344 سکولوں میں 42614 طلبہ اور 3566 اساتذہ کو سپوکن کلاسز دی جائیں گی، وزیراعلیٰ مریم نواز نے پانچ لاکھ طلبہ کے لئے سپوکن کلاسز شروع کرنے کا ہدف دے دیا، پنجاب کے 13اضلاع میں 11لاکھ 37ہزار طلبہ کے لئے سکول میل پروگرام جاری ہے۔ پنجاب میں پہلی مرتبہ آن لائن پیپر چیکنگ کا سسٹم متعارف کرایا جائے گا، اس حوالے سے بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ آؤٹ سورسنگ کے بعد سکولوں کی انرولمنٹ میں 800فیصد سے زائد اضافہ کا ریکارڈ قائم کیا گیا ہے۔ سکول آؤٹ سورسنگ فیز ون کی تکمیل کے بعد114 فیصد اور فیز ٹو کی تکمیل کے بعد 24 اضافہ ہوا۔ آؤٹ سورسنگ فیز ون میں ٹیچرز کی تعداد میں 40 فیصد اور فیز ٹو میں 46 فیصد اضافہ ہوا، آؤٹ سورسنگ کے بعد 540سکولوں میں 866 نئے کلاس روم تعمیر ہوئے۔ آؤٹ سور س سکولوں میں 9033 کمروں کی تعمیر و مرمت کی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ آؤٹ سورس سکولوں کی 5345 کلا س روم کی مرمت کی گئی، آؤٹ سورس سکولوں میں 27 لاکھ مربع فٹ سے زائدچار دیواری تعمیر اور مرمت کی گئی۔ آؤٹ سورس سکولوں میں 5067 ٹائلٹس کی تعمیر و مرمت کی گئی۔ 8911 سکولوں میں پینٹ ورک کو مکمل کیا گیا۔ 20 آؤٹ سورس سکولوں کو میٹرک اور 2219سکولوں کو ایلیمینٹری لیول تک اپ گریڈ کیا گیا، پنجاب کے سکولوں میں آؤٹ سورسنگ کے بعد 160450 نئے فرنیچر سیٹ مہیا کیے گئے، آؤٹ سورس سکولوں میں 3665 واٹر ٹینک اور 18380 واٹر کولر لگائے گئے۔ مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ کوشش ہے کہ ہر بچہ سرکاری سکول میں معیار تعلیم حاصل کرے اور اعتماد سے زندگی کو سنوارے۔ سرکاری سکول کا معیار ایسا بنانا چاہتے ہیں ہر کوئی اپنے بچے کو سرکاری سکول میں داخل کرانے چاہئے، انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ہر سکول کی حالت بہتر بنانا میری ذمہ داری ہے۔