رحیم یار خان میں قائم چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے مرکز کو فعال کر دیا گیا
02-19-2026
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکے ویژن کے مطابق ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب اور چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیوروسارہ احمد نے رحیم یار خان میں قائم چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے مرکز کو فعال کر دیا
مرکز کی بحالی کے موقع پر منعقدہ تقریب میں معزز اراکینِ اسمبلی جن میں رئیس نبیل، عشرت اشرف، مہوش سلطانہ، نسرین ریاض، کمشنر بہاولپور مسرت جبین، اور ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان ظہیر انور جپہ کے علاوہ سماجی شخصیات، مخیر حضرات اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی، شرکاء نے اس اقدام کو بچوں کے تحفظ کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو محترمہ سارہ احمد نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ مرکز نہ صرف لاوارث اور بے سہارا بچوں کو محفوظ پناہ فراہم کرے گا بلکہ انہیں معیاری تعلیم، صحت کی سہولیات، نفسیاتی معاونت اور بحالی کے مواقع بھی فراہم کرے گا، انہوں نے کہا کہ اگر کسی بچے کے ساتھ زیادتی، تشدد یا استحصال کا واقعہ پیش آئے تو بیورو کا مضبوط ریفرل سسٹم قانونی، طبی اور نفسیاتی معاونت فراہم کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو کا واضح پیغام ہے “ہم زندگیاں بدلتے ہیں”، انہوں نے رحیم یار خان کے عوام سے اپیل کی کہ وہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کو آگے بڑھاتے ہوئے بچوں کے تحفظ کے لیے ادارے کے ساتھ تعاون کریں اور اگر کسی بچے کو مدد کی ضرورت ہو تو چائلڈ ہیلپ لائن 1121 پر فوری اطلاع دیں۔ تقریب کے اختتام پر چیئرپرسن سارہ احمد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یہ مرکز علاقے کے بچوں کے لیے تحفظ، محبت اور روشن مستقبل کی علامت بنے گا۔