پاکستان ہاکی فیڈریشن میں سیاسی جماعتوں سے زیادہ سیاست ہے: وزیر دفاع

02-19-2026

(ویب ڈیسک) وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مالی معاملات کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے ساتھ ظلم اور زیادتی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہاکی فیڈریشن میں سیاسی جماعتوں سے بھی زیادہ سیاست جاری ہے، جس نے قومی کھیل کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے قومی کھیل کو برباد کر دیا گیا ہے اوراسے دوبارہ عروج پر لانے کے لیے ادارے کو سیاسی تقرریوں سے پاک کرنا ہوگا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ برسوں سے جاری غیر شفاف تقرریوں اور انتظامی کمزوریوں نے کھلاڑیوں کے حوصلے پست کیے ہیں۔ وزیر دفاع نے اعلان کیا کہ وہ اس معاملے کو جلد قومی اسمبلی اور متعلقہ کمیٹی میں اٹھائیں گے تاکہ حقائق سامنے آ سکیں اور ذمہ داروں کا تعین ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہاکی کے فروغ اور کھلاڑیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ٹھوس اقدامات ناگزیر ہیں اور شفاف احتساب ہی قومی کھیل کی بحالی کی بنیاد بن سکتا ہے۔