صبا فیصل کی فروٹ چاٹ روٹین نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی

02-19-2026

(ویب ڈیسک) معروف سینئر اداکارہ صبا فیصل نے رمضان المبارک سے متعلق ایک پروگرام میں اپنے روزمرہ معمولات پر کھل کر گفتگو کی، جس کے بعد سوشل میڈیا پر نئی بحث کا آغاز ہوگیا۔

ماہِ رمضان میں سحر و افطار کا خصوصی اہتمام کیا جاتا ہے اور بالخصوص افطار کی تیاریوں میں خواتین بھرپور دلچسپی لیتی ہیں، شوبز سے وابستہ شخصیات بھی اس معاملے میں کسی سے پیچھے نہیں۔ گفتگو کے دوران صبا فیصل نے بتایا کہ وہ رمضان میں فروٹ چاٹ دوپہر تقریباً 12 بجے ہی تیار کرلیتی ہیں اور اسی وقت اس میں چاٹ مصالحہ بھی شامل کر دیتی ہیں، حالانکہ افطار شام میں ہوتا ہے، یہ ان کا ذاتی اور آزمودہ طریقہ ہے جس پر وہ برسوں سے عمل کر رہی ہیں۔ اداکارہ کے اس بیان پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے، بعض خواتین نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اتنی جلدی تیار کی گئی فروٹ چاٹ شام تک خراب یا سیاہ ہو سکتی ہے، ایک صارف نے طنزیہ انداز میں لکھا کہ پھر تو پھل شام تک کالے ہو جاتے ہوں گے جبکہ ایک اور تبصرہ تھا کہ یہ تو بہت قدیم طریقہ لگتا ہے۔ تاہم کئی صارفین نے صبا فیصل کے حق میں بھی آواز اٹھائی، ان کا کہنا تھا کہ ہر شخص کا اپنا طریقہ کار ہوتا ہے اور اگر کوئی برسوں سے کسی معمول پر عمل پیرا ہے تو اسے غیر ضروری تنقید کا نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے۔