ٹی 20 ورلڈ کپ: پاکستان نے نمیبیا کو ہرا کر سپر ایٹ مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا

02-18-2026

(لاہورنیوز)آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے 35 ویں میچ میں پاکستان نے نمیبیا کو 102 رنز سے شکست دیکر سپرایٹ مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

کولمبو کے سنہالیز سپورٹس کلب میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تاہم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے صاحبزادہ فرحان کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے جبکہ شاداب خان 36 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔   یہ صاحبزادہ فرحان کی پہلی ٹی 20 انٹرنیشنل سنچری ہے اور اس کے ساتھ ہی وہ احمد شہزاد کے بعد ٹی 20 ورلڈکپ میں سنچری بنانے والے دوسرے پاکستانی بلے باز بھی بن گئے ہیں، کپتان سلمان علی آغا 38، صائم ایوب 14 اور خواجہ نافع 5 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ نمیبیا کی جانب سے جیک براسل نے 2 اور جرہارڈ ایراسمس نے ایک وکٹ حاصل کی۔ واضح رہے کہ گروپ اے سے بھارتی ٹیم پہلے ہی سپر ایٹ میں رسائی حاصل کرچکی ہے جبکہ امریکی ٹیم 4 پوائنٹس کے ساتھ پاکستان سے بہتر نیٹ رن ریٹ کے باعث دوسری پوزیشن پر موجود ہے، پاکستان ٹیم کو سپر ایٹ راؤنڈ میں رسائی کے لیے آج نمیبیا کو لازمی شکست دینی ہوگی بصورت دیگر گھر واپس آنا پڑے گا۔