رمضان میں کسی کو گراں فروشی کی اجازت نہیں دی جائے گی، عظمیٰ بخاری
02-18-2026
(لاہور نیوز) وزیرِاطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ رمضان میں کسی کو گراں فروشی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ڈٰی جی پی آر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرِاطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے وعدے کے مطابق مستحق افراد کو ان کا حق دہلیز پر فراہم کیا جا رہا ہے، نگہبان رمضان پیکج کے تحت 40 لاکھ سے زائد خاندانوں کو فی خاندان 10 ہزار روپے فراہم کئے جا رہے ہیں اور نگہبان رمضان کارڈ گھروں تک پہنچائے جا رہے ہیں، 10 مارچ تک تمام مستحق خاندانوں کو کارڈز کی ترسیل مکمل کر دی جائے گی، جبکہ کارڈ پر نہ کوئی چارجز ہیں اور نہ ہی کسی قسم کا پن کوڈ رکھا گیا ہے۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ہر تحصیل میں “مریم کے مہمان دسترخوان” کے تحت روزانہ دو ہزار افراد کو افطاری کرائی جائے گی اور مخیر حضرات کو حکومت کی جانب سے مکمل معاونت فراہم کی جائے گی، اگر کوئی مستحق خاندان رہ جائے تو وہ ہیلپ لائن نمبر 1000 پر رابطہ کر سکتا ہے، پنجاب حکومت قوانین پر عملدرآمد کرانا جانتی ہے اور رمضان المبارک میں گراں فروشی کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق سوالات پر کہا کہ جیل میں ان کا مکمل خیال رکھا جا رہا ہے، روزانہ طبی معائنہ ہو رہا ہے اور انہیں مناسب خوراک فراہم کی جا رہی ہے۔ اس موقع پر معاون خصوصی برائے فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن سلمی بٹ نے بتایا کہ مجموعی طور پر 42 لاکھ خاندانوں تک نگہبان رمضان کارڈ پہنچائے جائیں گے جبکہ 30 لاکھ نئے شامل ہونے والے خاندانوں کو بھی کارڈ جاری کئے جا رہے ہیں، مسیحی برادری کیلئے بھی ایک لاکھ 57 ہزار کارڈز فراہم کئے گئے ہیں، 17 ہزار سے زائد کریانہ سٹورز کو پروگرام سے منسلک کیا گیا ہے اور سہولت بازاروں میں پانچ کلومیٹر تک مفت ہوم ڈیلیوری کی سہولت دستیاب ہے، جبکہ کارڈ کیش کرانے پر کسی قسم کی کٹوتی نہیں ہو گی۔ سلمیٰ بٹ کا کہنا تھا کہ رمضان سہولت بازاروں میں چینی 140 روپے فی کلو دستیاب ہو گی جبکہ اوپن مارکیٹ میں اس کی قیمت 160 روپے ہے، اسی طرح مرغی کا گوشت 15 روپے کم اور فی درجن انڈے 10 روپے کم نرخ پر فراہم کئے جائیں گے، دس کلو آٹے کا سبز تھیلا 1550 پوائنٹس پر دستیاب ہو گا اور روزانہ مارکیٹ میں 15 لاکھ آٹے کے تھیلے بھجوائے جا رہے ہیں۔