وزیر تعلیم کا مختلف سکولوں کا اچانک دورہ، بنیادی سہولیات کا تفصیلی جائزہ
02-18-2026
(لاہور نیوز) وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے مختلف سرکاری سکولوں کا اچانک دورہ کیا جہاں آئی ٹی ٹیچر نہ ہونے کی شکایت سامنے آئی۔
اس پر انہوں نے فوری نوٹس لیتے ہوئے سی ای او ایجوکیشن کو ہدایت جاری کی کہ آئی ٹی ٹیچر کی دستیابی کو فوری یقینی بنایا جائے۔ بعد ازاں انہوں نے گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول مزنگ کا بھی دورہ کیا جہاں واش رومز کی ناقص صفائی پر برہمی کا اظہار کیا، طلبہ کی جانب سے صاف پانی کی عدم دستیابی کی شکایت پر بھی وزیر تعلیم نے ناراضگی ظاہر کی۔ انہوں نے پرنسپل کو ہدایت دی کہ تین روز کے اندر فلٹریشن پلانٹ کی صفائی مکمل کی جائے اور صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے، بصورت دیگر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، وزیر تعلیم نے سی ای او ایجوکیشن کو بھی فوری طور پر موقع پر پہنچنے کی ہدایت کی۔ دورے کے دوران رانا سکندر حیات نے طلبہ کے ساتھ کرکٹ بھی کھیلی اور اپنی ذاتی جیب سے سپورٹس کٹ فراہم کی، وزیر تعلیم نے سکولوں میں جاری تعمیراتی اور توسیعی کاموں کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو معیار اور رفتار بہتر بنانے کی ہدایات جاری کیں۔