مکئی کے بیج کی بلیک میں فروخت ،7 دکانیں سیل،3 افراد گرفتار
02-17-2026
(لاہور نیوز) سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار ساہو کی ہدایت پر مکئی کا بیج بلیک میں فروخت کرنے والے عناصر کے خلاف صوبہ بھر میں گرینڈ آپریشن جاری ہے۔
ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق مختلف اضلاع میں 20 چھاپے مارے گئے جن کے نتیجے میں 16 مقدمات درج کر لیے گئے ہیں جبکہ 3 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ کارروائیوں کے دوران 7 دکانوں کو سیل کر دیا گیا اور مکئی کے بیج کے 208 تھیلے ضبط کیے گئے۔ ضبط شدہ بیج کی مالیت 28 لاکھ 75 ہزار روپے بتائی گئی ہے۔ سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار ساہو نے کہا کہ کسانوں کو معیاری زرعی مداخل مقررہ قیمتوں پر فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ مکئی کا بیج بلیک میں فروخت کرنے والے ڈیلرز کے لائسنس منسوخ کیے جائیں گے اور ملوث عناصر کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔