پی ٹی آئی قیادت نے بانی کے علاج پر اطمینان کا اظہار کیا، پھر بھی پراپیگنڈا کیا گیا: محسن نقوی

02-17-2026

(لاہور نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ بانی کی آنکھوں والے مسئلہ پر پراپیگنڈا کیا گیا، پی ٹی آئی کی قیادت سے مسلسل رابطے میں تھے، انہوں نے علاج معالجے پر اطمینان کا اظہار کیا تھا۔

نیوز کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ گزشتہ چار،پانچ دن سے کچھ سیاسی چیزیں چل رہی ہیں، بانی کی آنکھوں والے مسئلے پر پروپیگنڈا کیا گیا، کہا گیا بانی کی 85فیصد بینائی چلی گئی ہے، کسی نے کہا بانی کی ایک آنکھ ضائع ہوگئی۔ محسن نقوی نے بتایا کہ محمود خان اچکزئی نے وزیراعظم کو خط لکھا، ہم پی ٹی آئی کی لیڈرشپ کے ساتھ رابطے میں تھے، ہم نے کلیئر کیا تھا کہ کوئی بھی قیدی ہو آئین وقانون کے مطابق علاج دیں گے، ہم نے کہا تھا ایک اپنے ڈاکٹر کا نام بھی دے دیں، پی ٹی آئی نے کہا ڈاکٹر نہیں خاندان کا ایک فرد کارروائی میں ڈال لیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ دونوں چیزیں ہوگئیں تو کہا گیا بانی کو ایک ہفتے کیلئے ہسپتال منتقل کرادیں، ہم نے کہا ڈاکٹرز کی ہدایات پر بانی کو دوہفتے کیلئے بھی ہسپتال منتقل کردیں گے، آئی سپیشلسٹ نے ساڑھے3بجے بانی کاچیک اپ کیا، ہم نے سرکاری اورپرائیویٹ بہترین ڈاکٹروں کا انتخاب کیا، ان کےسیاسی رہنماؤں نے کہا ہم بانی کے علاج ومعالجے سے مطمئن ہیں۔