تھانوں کا مانیٹرنگ سسٹم پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے سپرد کرنے کا فیصلہ
02-17-2026
(لاہور نیوز) پنجاب بھر کے تھانوں کا مانیٹرنگ سسٹم پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے سپرد کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
اس اقدام کے تحت پولیس اہلکاروں کی باڈی کیم فوٹیج اب براہِ راست سیف سٹی کو فراہم کی جائے گی اور اس کی باقاعدہ رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب کو پیش کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق ہر ضلع کے تھانوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج اب سیف سٹی کے ذریعے متعلقہ دفاتر تک دستیاب ہو گی، لاہور کے داخلی و خارجی راستوں کی مکمل نگرانی کی رسائی بھی سیف سٹی کے پاس ہو گی، مرکزی مانیٹرنگ نظام کے قیام سے نگرانی زیادہ مربوط اور شفاف ہو جائے گی۔ پولیس ریفارمز کمیٹی نئی مانیٹرنگ پالیسی کی حتمی منظوری دے گی جبکہ باڈی کیمروں کی خریداری سے متعلق سمری وزیراعلیٰ پنجاب کو بھی ارسال کر دی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ کے احکامات کے بعد تھانوں کی سطح پر نگرانی کا نیا مربوط نظام جلد فعال ہو جائے گا، جس سے پولیس کی کارکردگی میں شفافیت اور عوامی تحفظ بہتر ہو گا۔