آئی جی پنجاب کی زیر صدارت سی سی ڈی کا تعارفی اجلاس، آئندہ حکمت عملی پرغور

02-17-2026

(لاہور نیوز) آئی جی پنجاب پولیس عبدالکریم کی زیر صدارت کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کا تعارفی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ادارے کی کارکردگی اور آئندہ حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی سی سی ڈی سہیل ظفر چٹھہ نے آئی جی پنجاب کو ادارے کے اغراض و مقاصد، اہداف اور درپیش چیلنجز پر بریفنگ دی۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ سی سی ڈی ضلعی پولیس کے اشتراک سے سنگین جرائم کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کر رہا ہے اور جدید کریمنلز ڈیٹا بیس، سرویلنس اینڈ مانیٹرنگ سسٹم، جدید لوکیٹرز اور آئی ٹی ٹیکنالوجی سے استفادہ کر رہا ہے۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے سنگین جرائم کے خاتمے کے لیے سی سی ڈی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے محفوظ پنجاب ویژن کے تحت منشیات سمیت دیگر سنگین جرائم کا خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ سی سی ڈی کو اہداف کے حصول کے لیے مزید وسائل فراہم کیے جائیں گے۔ اجلاس میں سی سی ڈی کے انفراسٹرکچر، ہیومن ریسورس، لاجسٹکس اور انتظامی امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ڈی آئی جی سی سی ڈی وقاص الحسن، ایس ایس پیز سی سی ڈی، آر اوز، ڈی اوز اور دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔