مصنوعی مہنگائی کے تدارک کیلئے اقدامات سخت، سبزیوں کی قیمتوں میں استحکام

02-17-2026

(لاہور نیوز) شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے اور مصنوعی مہنگائی کے تدارک کیلئے ضلع انتظامیہ نے پرائس کنٹرول اقدامات مزید سخت کر دیئے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق حالیہ دنوں میں ٹماٹر، بھنڈی اور گاجر کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ دیگر پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں میں استحکام برقرار ہے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور  نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہدایت جاری کی ہے کہ گرانفروشی اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے، اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو شہر بھر کی مارکیٹوں اور بازاروں میں متحرک رہنے اور مقررہ نرخ نامے پر عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے مسلسل فیلڈ میں موجود رہیں اور سبزیوں و پھلوں کی فروخت سرکاری نرخ نامے کے مطابق ہر صورت یقینی بنائیں، گرانفروشی میں ملوث عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائی اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کیلئے گوداموں کی چیکنگ مزید سخت کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر لاہور کا کہنا ہے کہ گرانفروشی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے اور مقررہ نرخوں پر اشیاء کی دستیابی شہریوں کا بنیادی حق ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔