مریم نواز نے مری ایکسپریس وے پر چائے کے ڈھابے پر رک کر چائے بنائی، ویڈیو وائرل
02-16-2026
(لاہور نیوز) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی مری ایکسپریس وے پر چائے کے ڈھابے پر رک کر چائے بنانے کی ویڈیو وائرل ہو گئی، مریم نواز مری پہنچ گئی ہیں جہاں وہ کشمیر پوائنٹ پر اپنی نجی رہائش گاہ میں قیام کریں گی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب بذریعہ ایکسپریس وے مری پہنچیں جبکہ نواز شریف پہلے ہی گزشتہ روز سے مری میں موجود ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کل 17 فروری کو گورنمنٹ ہاؤس کشمیر پوائنٹ میں مری ڈویلپمنٹ سے متعلق اہم اجلاس کی صدارت کریں گی جس میں مختلف محکموں کے سیکرٹریز بھی شرکت کے لیے مری پہنچیں گے۔ وزیر اعلیٰ کی آمد کے موقع پر شہر میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے،دورانِ سفر وزیر اعلیٰ پنجاب نے پھری کے مقام پر ایک ریسٹورنٹ پر مختصر قیام کیا جہاں انہوں نے خود خالص دودھ سے3 کپ کافی تیار کی جبکہ 8 کپ چائے بھی بنوائی،کافی وزیر اعلیٰ ان کے صاحبزادے جنید صفدر اور بہو نے نوش کی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے ریسٹورنٹ کی صفائی ستھرائی اور چائے کے معیار کی تعریف کی اور وہاں موجود سیاحوں سے ملاقات بھی کی۔ یاد رہے کہ ریسٹورنٹ پر اس سے قبل آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم سردار عتیق احمد خان بھی متعدد مرتبہ قیام کر چکے ہیں،وزیر اعلیٰ پنجاب نے ریسٹورنٹ کا پانچ ہزار روپے کا بل بھی ادا کیا۔