این ڈی ایم اے کا پاکستان کو درپیش ممکنہ موسمی خطرات کا کیلنڈر جاری

02-16-2026

(لاہور نیوز) این ڈی ایم اے نے 2026 کے دوران ممکنہ آفات سے نمٹنے کی پیشگی اورموئثر تیاری کے لیے فلاحی اداروں کے ساتھ کانفرنس کا انعقاد کیا۔

کانفرنس کی مشترکہ صدارت چئیرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعا م حیدر ملک اور اقوام متحدہ کے علاقائی و فلاحی کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ نے کی۔ این ڈی ایم اے نے اقوام متحدہ پاکستان کے تعاون سے پاکستان کودرپیش ممکنہ موسمی خطرات کا باقاعدہ کیلنڈر جاری کر دیا اور کہا کہ این ڈی ایم اے کا ممکنہ خطرات اور آفات کے حوالے سے کیلنڈر تمام متعلقہ اداروں بشمول فلاحی اداروں کو اقدامات کے حوالے سے راہنمائی فراہم کرے گا۔ این ڈی ایم اے کی جانب سے ممکنہ خطرات کی بر وقت تشخیص تمام متعلقہ اداروں کو پیشگی تیاری اور اقدامات کے حوالے سے منصوبہ بندی میں مدد فراہم کی جائے گی، این ڈی ایم اے نے عالمی سطح پر آفات کے حوالے سے پیشگی آگاہی کے لیے گلوبل ڈیزاسٹر ارلی وارننگز موبائل ایپلی کیشن بھی لانچ کر دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ موبائل ایپلی کیشن عالمی سطح پر ابتدائی انتباہی نظام کو مزید مضبوط بنائے گی اور سرحدوں سے ماورا معلومات تک رسائی فراہم کرے گی جبکہ عالمی آفات کے حوالے سے این ڈی ایم اے کی موبائل ایپلی کیشن عالمی سطح پر جاری فلاحی اقدامات میں معاو ن ثابت ہو گی۔