پی آئی اے کے 25 فیصد شیئرز بھی خریدنے کا اعلان ہوگیا! خریدار کون ہے؟نام سامنے آگیا

02-16-2026

(ویب ڈیسک)عارف حبیب گروپ کنسورشیم نے پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) میں حکومت کے باقی ماندہ 25 فیصد حصص بھی خریدنے کا اعلان کیا ہے۔

عارف حبیب لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو افسر شاہد علی حبیب نےکہا ہے کہ پی آئی اے کے 100 فیصد حصص کی خریداری کے بعد یہ مکمل طور پر نجی حیثیت میں کام کر سکے گی۔ انہوں نے برطانوی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ ’کنسورشیم نے اپنا ذہن بنا لیا ہے کہ اس نے 25 فیصد باقی ماندہ حصص بھی خریدنے ہیں۔ ان کے مطابق اپریل میں یہ فیصلہ لینا ہے اور اس کے بعد اگلے 12 مہینے میں اس کی ادائیگی کرنی ہے۔‘ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کے 100 فیصد حصص کی خریداری کے بعد یہ مکمل طور پر نجی حیثیت میں کام کر سکے گی یعنی ائیر لائن کا مکمل کنٹرول نجی شعبے کے پاس ہو گا اور ائیر لائن سرکاری نامزد ارکان سے آزاد ہو جائے گی۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں عارف حبیب کنسورشیم نے 135ارب روپے کے عوض 75 فیصد حصص حاصل کیے تھے۔ حکومت کی جانب سے پی آئی اے کی نجی کاری کا مقصد خسارے میں جانے والی فضائی کمپنی کو عملی تنظیمِ نو، طیاروں کے بیڑے میں توسیع اور مسافروں کو فراہم کی جانے والی خدمات میں بہتری کے ذریعے منافع بخش بنانا تھا۔