دربار ری ماڈلنگ پروجیکٹ سے کنسٹرکشن سامان چوری کرنے والا ملزم گرفتار

02-16-2026

(لاہور نیوز) بھاٹی گیٹ کے قریب دربار ری ماڈلنگ پروجیکٹ سے تعمیراتی سامان چوری کرنے والا ملزم رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا۔

حکام کے مطابق ملزم کو ٹیپا انفورسمنٹ ٹیم  نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے حراست میں لیا اور بعد ازاں پولیس کے حوالے کر دیا، ملزم لیبر کی جیکٹ اور کیپ پہن کر تعمیراتی سائٹ میں داخل ہوتا رہا تاکہ شک نہ گزرے۔ ابتدائی تفتیش میں ملزم  نے سٹیل، پائپس اور بیریکیڈنگ شیٹس چوری کرنے کا اعتراف کر لیا، حکام کا کہنا ہے کہ کیبل چوری کے باعث سٹریٹ لائٹس بند ہونے کے واقعات بھی سامنے آئے جس کے بعد متعدد بار کیبلز تبدیل کرنا پڑیں۔ بیریکیڈنگ شیٹس ہٹانے سے کنسٹرکشن ایریا میں شہریوں کے داخلے کا خطرہ بڑھ گیا تھا جبکہ مین ہول کور چوری کے شبہ پر بھی تحقیقات جاری ہیں۔ انتظامیہ نے واقعے کے بعد حساس مذہبی و تاریخی مقام کے اطراف سکیورٹی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام یقینی بنائی جا سکے۔