گراں فروشوں کے خلاف کارروائیاں، ایک لاکھ 10 ہزار روپے کے جرمانے

02-16-2026

(لاہور نیوز) ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کا حکم دے دیا۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق اسسٹنٹ کمشنرز، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور متعلقہ افسران سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے فیلڈ میں متحرک ہیں، لاہور بھر کی مارکیٹوں میں سبزیوں، پھلوں اور پولٹری مصنوعات کی قیمتوں کی سخت مانیٹرنگ جاری ہے۔ شہر بھر کی مختلف مارکیٹوں میں انسپیکشنز کے دوران گراں فروشی پر ایک لاکھ 10 ہزار روپے کے جرمانے عائد کئے گئے جبکہ متعدد دکانداروں کو وارننگ بھی جاری کی گئی۔ قیمتوں کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز کی نسبت برائلر مرغی، آلو، بھنڈی اور دیگر سبزیوں کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، آلو کی قیمت میں 2 روپے فی کلو جبکہ گاجر، مونگرے اور ٹینڈے کی قیمتوں میں 10 روپے فی کلو کمی ہوئی ہے، بھنڈی 10 روپے فی کلو سستی ہوئی ہے۔ پھلوں میں سیب، کینو اور انار کی قیمتیں مستحکم ہیں جبکہ برائلر گوشت 5 روپے فی کلو سستا ہوا ہے، فارمی انڈے 240 روپے فی درجن کی سطح پر برقرار ہیں، پیاز، ٹماٹر، ادرک اور لہسن کی قیمتوں میں بھی استحکام دیکھا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر  نے ہدایت کی ہے کہ تمام دکاندار سرکاری نرخ نامے نمایاں جگہوں پر آویزاں کریں، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری جرمانہ کیا جائے، شہری گراں فروشی کی شکایت کنٹرول روم نمبر 03070002345 پر درج کرا سکتے ہیں جبکہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی ڈپٹی کمشنر آفس عوام کی رہنمائی کیلئے موجود ہے۔