پنجاب بھر میں مستحق افراد کیلئے مفت افطار کا اہتمام ہو گا، عظمیٰ بخاری

02-15-2026

(لاہور نیوز) وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب کی ہر تحصیل میں 2ہزار مستحق افراد کیلئے مفت افطار کا اہتمام کیا جائے گا۔

صوبائی دارالحکومت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز کی طرف سے افطار دستر خوان کا انتظام کیا جا رہا ہے، کسی قسم کی غیر معیاری چیزوں کی کوئی شکایت نہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ہر تحصیل میں 2 ہزار مستحق افراد کیلئے مفت افطار کا اہتمام کیا جائے گا، بہترین انتظامات پر پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتی ہوں، مریم نواز کی طرف سے افطار دستر خوان کا انتظام کیا جارہا ہے۔ وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اس رمضان بچت بازار سے لاکھوں لوگ مستفید ہو رہے ہیں، بچت بازار کے حوالے سے کسی قسم کی کوئی شکایت نہیں موصول ہوئی، لاکھوں افراد رمضان بچت بازار سے فائدہ اٹھا چکے ہیں۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ رمضان بچت فیسٹیول میں عوام کو ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے، نگہبان رمضان کارڈ کے ذریعے عوام کو رقوم کی منتقلی جاری ہے، 25 اضلاع میں 36 رمضان بازار قائم کیے گئے ہیں، ماہ رمضان میں مزدور طبقے کیلئے الاؤنس 3 ہزار سے بڑھا کر 10ہزار روپے کر دیا۔ پاک بھارت میچ کے سوال پر اُن کا کہنا تھا کہ مجھے امید ہے ہمارے کھلاڑی جم کر کھیلیں گے، ہمارے کھلاڑی محنت سے لڑیں گے اور مقابلہ کریں گے، کھلاڑیوں کو چاہیے کہ وہ بھرپور مقابلہ کریں، ہار جیت کھیل کا حصہ ہے، عثمان کے ایکشن سے آئی سی سی کو مسئلہ نہیں، بھارت کو ہے۔ وزیرِ اطلاعات ونشریات نے مزید کہا کہ بسنت نے اس ملک کے ماحول کو تبدیل کر دیا ہے، ایسے ثقافت کو مستقبل میں بھی زندہ رکھنا چاہیے۔