جعلسازوں اور ناقص کوالٹی اشیاء کی سپلائی پر کارروائی ہو گی، سلمی بٹ

02-14-2026

(لاہور نیوز) معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب سلمی بٹ نے کہا ہے کہ جعلسازوں اور ناقص کوالٹی اشیاء کی سپلائی پر کارروائی ہو گی۔

رمضان المبارک سے قبل لاہور کے پوش علاقوں گلبرگ اور ایم ایم عالم روڈ پر معروف ڈیپارٹمنٹل سٹورز اور فوڈ چینز کی فوڈ سیفٹی ٹیموں کے ہمراہ سخت چیکنگ کی گئی، معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب نے اس موقع پر بتایا کہ قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر بھاری جرمانے عائد کئے گئے اور متعدد سٹورز کو اصلاحی نوٹس جاری کئے گئے۔ چیکنگ کے دوران ریسٹورنٹس میں ناقص سٹوریج، گندے فریزر، زنگ آلود برتن، فنگس زدہ فریزر اور ٹوٹے فرش پر اشیاء خورونوش تیار کرنے کی خلاف ورزیاں سامنے آئیں، ناقص آئل میں فرائنگ، ملازمین کے میڈیکل ریکارڈز کا نہ ہونا اور ٹریننگ کی کمی بھی پائی گئی، مختلف اشیاء خورونوش کے سیمپلز لیبارٹری ٹیسٹ کیلئے  بھی بھیجے گئے۔ سلمی بٹ نے بتایا کہ رمضان کے دوران چھوٹی بڑی فوڈ مارکیٹس کی چیکنگ کیلئے سپیشل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر صبح اور رات کے اوقات میں مارکیٹس میں معائنہ جاری رہے گا، ریڑھیوں، ڈھابوں اور چھوٹے فوڈ پوائنٹس کے ہینڈلرز کو فری فوڈ سیفٹی ٹریننگ فراہم کی جا رہی ہے جبکہ فوڈ کوالٹی، سٹوریج اور ہائجین کے حوالے سے بھی تربیت دی جا رہی ہے۔ معاون خصوصی نے واضح کیا کہ جعلسازوں اور ناقص کوالٹی اشیاء کی مارکیٹ میں سپلائی پر سخت کارروائی کی جائے گی اور پنجاب میں فوڈ سیفٹی کے حوالے سے بین الاقوامی ایس او پیز کا نفاذ یقینی بنایا گیا ہے، رمضان المبارک کے دوران شہریوں کو معیاری اور محفوظ اشیاء خورونوش کی وافر سپلائی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔