رمضان المبارک کے دوران عوام کو ریلیف، سرکاری نرخ نامے پر عملدرآمد
02-14-2026
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر رمضان المبارک میں شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے مارکیٹوں میں سرکاری نرخ نامے پر سختی سے عمل درآمد جاری ہے۔
ڈپٹی کمشنر لاہور کی نگرانی میں اسسٹنٹ کمشنرز، پیرا اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فیلڈ میں متحرک ہیں، جبکہ سرویلنس ٹیمیں شہر بھر کی مارکیٹوں میں گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی پر نظر رکھ رہی ہیں۔ سرکاری نرخ نامے کے مطابق بیسن اور دال چنا کی قیمتوں میں گزشتہ سال کے مقابلے میں فی کلو 69 روپے کی کمی ہوئی ہے، آلو کی قیمت 21 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، جو گزشتہ سال 28 روپے تھی، جبکہ لیموں کی قیمت 76 روپے فی کلو مقرر کی گئی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 39 روپے فی کلو کم ہے، ٹماٹر کی بہتر سپلائی کے باعث قیمتوں میں مزید کمی کی توقع کی جا رہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے ہدایت کی کہ گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور دکاندار سرکاری نرخ نامہ نمایاں جگہوں پر آویزاں کری، شہری قیمتوں میں اضافے یا گراں فروشی کی شکایات کنٹرول روم نمبر 03070002345 پر درج کرا سکتے ہیں، سوشل میڈیا اور کنٹرول روم کے ذریعے موصول ہونے والی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے گا۔ ڈی سی لاہور نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور ماہ صیام کے دوران اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا تاکہ شہری ریلیف حاصل کر سکیں۔