پنجاب پولیس خدمت مراکز ڈیجیٹل خدمات میں مصروف، 4 لاکھ 88 ہزار شہری مستفید
02-14-2026
(لاہور نیوز) پنجاب پولیس کے خدمت مراکز رواں سال شہریوں کو جدید اور ڈیجیٹل سہولیات کی فراہمی میں سرگرم ہیں۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق سال 2026 کے دوران 4 لاکھ 88 ہزار سے زائد شہریوں نے خدمت مراکز سے مختلف سروسز حاصل کیں، 2 لاکھ سے زائد شہریوں نے جنرل پولیس ویریفکیشن کروائی جبکہ ایک لاکھ 28 ہزار سے زائد افراد نے پولیس کریکٹر سرٹیفیکیٹ حاصل کئے، 72 ہزار 815 شہریوں نے کرایہ داری اندراج مکمل کروایا اور 15 ہزار سے زائد افراد کو میڈیکولیگل سرٹیفکیٹس جاری کئے گئے۔ کمزور طبقات کے تحفظ کے اقدامات کے تحت 14 ہزار سے زائد افراد کو قانونی و سماجی معاونت فراہم کی گئی، 5239 شہریوں نے وہیکلز ویریفکیشن کروائی جبکہ 13 ہزار سے زائد افراد نے دستاویزات کی اندراج گمشدگی اور 93 جرائم رپورٹس کی رجسٹریشن کروائی، 22 ہزار 832 شہریوں نے ایف آئی آر کی نقول حاصل کیں جبکہ 6 ویمن وائلنس رپورٹس بھی درج کی گئیں۔ اسی طرح 13 ہزار 774 شہریوں نے ایمپلائز رجسٹریشن مکمل کروائی جبکہ 278 افراد نے نجی ملازمت کے لئے پولیس ویریفیکیشن حاصل کی۔ انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس نے کہا کہ پولیس خدمت مراکز پبلک سروس ڈلیوری کا شاندار فلیگ شپ پراجیکٹ ہیں جہاں شہریوں کو 24/7 سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، خدمت مراکز، تھانوں اور دیگر عوامی مقامات پر شہریوں کے ساتھ شائستہ رویہ یقینی بنایا جائے۔