سی ٹی ڈی کے پنجاب بھر میں286 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز ، 26 مبینہ دہشتگرد گرفتار
02-14-2026
(لاہور نیوز) دہشت گردی کے خدشات کے پیشِ نظر کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ پنجاب (سی ٹی ڈی) نے صوبے کے مختلف شہروں میں ایک ماہ کے دوران 286 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے، ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق ان کارروائیوں کے دوران 26 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا۔
کارروائیاں لاہور، گوجرانوالہ، ساہیوال، خوشاب، میانوالی، بھکر، فیصل آباد، جھنگ، چکوال، راجن پور، نارووال، پاکپتن اور سرگودھا میں کی گئیں۔ ترجمان کے مطابق لاہور سے کالعدم تنظیم القاعدہ سے تعلق رکھنے والا ایک جبکہ سرگودھا سے فتنہ الخوارج کے چار خطرناک دہشت گرد گرفتار کیے گئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد کا تعلق علاقہ غیر سے ہے۔ دہشت گردوں کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد، 3 آئی ای ڈی بم، 19 ڈیٹونیٹر، 34 فٹ حفاظتی فیوز وائر، پمفلٹس، نقدی اور پرائمہ کارڈ برآمد کیے گئے۔ گرفتار ملزمان کی شناخت عرفان، ضامن علی، مجاہد علی، فیصل، شیراز، نعمت اللہ، اسامہ، غلام یاسین، یاسر اور عمران وغیرہ کے ناموں سے ہوئی ہے۔ حکام کے مطابق ملزمان مختلف مقامات پر کارروائیاں کر کے عوام میں خوف و ہراس پھیلانا چاہتے تھے۔ مزید برآں، ایک ماہ کے دوران 4662 کومبنگ آپریشنز کے دوران 538 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ 160,009 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔ سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ وہ محفوظ پنجاب کے ہدف پر عمل پیرا ہے اور دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہے۔