جیلانی پارک میں رمضان نگہبان بچت فیسٹیول کا آغاز
02-13-2026
(لاہور نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر آج سے 15 فروری تک جیلانی پارک میں رمضان نگہبان بچت فیسٹیول کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
فیسٹیول کا افتتاح معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب سلمیٰ بٹ اور سیکرٹری فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن نے کیا، اس موقع پر سلمیٰ بٹ کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر عوام الناس کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے خصوصی سٹالز قائم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ فیسٹیول میں متعلقہ محکموں کے ذیلی ادارے بشمول پنجاب ایگریکلچر مارکیٹنگ ریگولیٹری اتھارٹی، پنجاب سہولت بازار اتھارٹی، پنجاب فوڈ اتھارٹی اور پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی انتظامی امور کی نگرانی کر رہے ہیں۔ سلمیٰ بٹ کے مطابق آٹا، گھی، دالیں، چینی، چاول، پھل، سبزیاں اور دیگر اشیائے خورونوش سستے داموں فراہم کی جا رہی ہیں، فیسٹیول میں 150 سے زائد گروسری اور دیگر اشیائے ضروریہ کے سٹالز لگائے گئے ہیں، جہاں ہر قسم کی اشیاء پر 20 فیصد سے زائد رعایت دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوڈ سٹالز کے ساتھ ساتھ فوڈ سیفٹی اور معیار کو یقینی بنانے کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں اور فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں مسلسل نگرانی کر رہی ہیں، تمام سٹالز پر اشیائے خورونوش کی فراہمی اور قیمتوں کو باقاعدہ مانیٹر کیا جا رہا ہے۔ فیسٹیول میں مقامی ثقافت، روایات اور علاقائی رنگ کو بھی مختلف تقریبات کے ذریعے اجاگر کیا جائے گا، آج شام معروف لوک فنکار عارف لوہار اور تحسین سکینہ اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔ سلمیٰ بٹ نے کہا کہ رمضان نگہبان بچت فیسٹیول صبح 10 بجے سے رات 10 بجے تک جاری رہے گا اور فیملیز کیلئے محفوظ، خوشگوار اور عوام دوست ماحول کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے، انہوں نے لاہوریوں کو دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وہ ضرور شرکت کریں، جہاں تفریح اور ریلیف ایک ساتھ فراہم کیا جا رہا ہے۔