رمضان المبارک:مساجد، مذہبی مقامات اور رمضان بازاروں کی سکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت

02-13-2026

(لاہور نیوز) محکمہ داخلہ پنجاب نے رمضان المبارک کے دوران سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کو اہم ہدایات جاری کر دیں۔

محکمہ داخلہ پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ مساجد، مذہبی مقامات اور رمضان بازاروں کی سکیورٹی کو اولین ترجیح دی جائے۔ مساجد، مدارس اور امام بارگاہوں کی حفاظت کے لیے اضافی نفری تعینات کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔ ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ سحری، افطار، تراویح اور جمعہ کے اوقات میں سکیورٹی مزید سخت کی جائے جبکہ عبادت گاہوں کے اطراف میں گشت، ناکہ بندی اور سرچ آپریشنز کو مؤثر بنایا جائے۔ رمضان المبارک سے قبل سی سی ٹی وی کیمروں، واک تھرو گیٹس اور سرچ لائٹس کی تنصیب یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے، افطار کے وقت فیلڈ میں تعینات اہلکاروں کی افطاری کا اہتمام کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے کالعدم تنظیموں اور فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی سخت نگرانی کی بھی ہدایت کی ہے، انتظامیہ کو ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ مزید برآں کہا گیا ہے کہ لاؤڈ سپیکرز کے غلط استعمال پر ساؤنڈ سسٹمز ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی، پنجاب بھر میں اسلحہ کی نمائش پر سخت پابندی عائد ہے اور خلاف ورزی پر بلاامتیاز کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے۔ سوشل میڈیا مانیٹرنگ کے ذریعے نفرت آمیز اور اشتعال انگیز مواد کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لانے کا حکم دیا گیا ہے۔ دیواروں پر نازیبا تحریروں اور پوسٹرز کے خاتمے کے لیے بھی متعلقہ اداروں کو ایکشن لینے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔