پاکستانی سپنرز بھارتی ٹیم کو مشکلات میں ڈال سکتے ہیں: بھارتی میڈیا

02-13-2026

(ویب ڈیسک) انڈیا کے میڈیا نے پاکستان کے سپن اٹیک کو بھارتی ٹیم کیلئے سردرد قرار دے دیا۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ پاکستان کے سپنرز بھارتی ٹیم کو مشکلات میں ڈال سکتے ہیں اس لیے محتاط رہنا پڑے گا۔ بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ابرار احمد، شاداب خان، محمد نواز، صائم ایوب اور عثمان طارق پاکستان کے سپن اسلحہ خانے میں موجود ہیں اور اگر کولمبو کی کنڈیشنز نے اجازت دی تو اس کو مزید مضبوط بھی کیا جا سکتا ہے۔ نمیبیا کے خلاف میچ میں سپن کو کھیلنے سے متعلق تحفظات بڑھ گئے ہیں جب 5 کھلاڑی سپنرز کا شکار بنے جبکہ یو ایس اے کے خلاف میچ میں بھی 3 بھارتی بیٹرز سپنرز کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ بھارتی میڈیا نے کہا ہے کہ بھارت بلاشبہ فیورٹ ہے لیکن بھارتی ٹیم میں چھوٹے رخنے ہیں جنہیں بڑے ٹورنامنٹ میں نظر انداز نہیں کیا جا سکتا اور پاکستان کے خلاف میچ میں یہ چھوٹی کمزوریاں بڑی ہو سکتی ہیں۔ بھارتی ٹیم کو سپن کو ڈی کوڈ کرنا ہوگا اس سے پہلے کہ پاکستان بھارتی ٹیم پر غلبہ حاصل کر لے کیونکہ پاکستان کے سپنرز مڈل اوورز میں بھارتی بیٹرز کو سلو ڈاؤن کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور بھارتی بیٹرز کا سلو ڈاؤن ہونا ہی اس میچ میں سب سے زیادہ اہمیت کا حامل ہو گا۔