بچوں کی پسندیدہ اشیاء میں ملاوٹ کرنے والا کنفیکشنری یونٹ بند، جعلی سامان ضبط
02-13-2026
(لاہور نیوز) بچوں کی پسندیدہ اشیاء میں ملاوٹ اور جعلی برانڈز کی تیاری میں ملوث ایک کنفیکشنری یونٹ کو سیل کر دیا گیا۔
کارروائی پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کے حکم پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے اسماعیل ٹاؤن میں آپریشن کے دوران کی۔ ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران 53 کارٹن چاکلیٹ پیسٹ اور 24 پیکنگ ریلز ضبط کر لی گئیں جبکہ یونٹ کو فوری طور پر بند کر دیا گیا۔ ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ممنوعہ رنگوں اور کیمیکلز کی ملاوٹ سے مختلف معروف برانڈز کی جعلی چاکلیٹس تیار کی جا رہی تھیں۔ حکام کے مطابق معروف برانڈز جیسی جعلی پیکنگ لگا کر انتہائی ناقص اور غیر معیاری چاکلیٹ تیار کی جا رہی تھی، خوراک کا کاروبار پنجاب فوڈ اتھارٹی کے لائسنس کے بغیر کیا جا رہا تھا جو قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ معائنہ کے دوران صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات دیکھنے میں آئے، پروسیسنگ ایریا بدبودار تھا، دیواروں پر جالے لگے ہوئے تھے جبکہ فرش ٹوٹا ہوا پایا گیا، گندے سٹوریج ایریا میں تیار جعلی چاکلیٹ اور خام مال رکھا گیا تھا۔ ڈی جی پی ایف اے کے مطابق یونٹ میں موجود ملازمین کے میڈیکل اور ٹریننگ سرٹیفکیٹس بھی موجود نہیں تھے، بچوں کی صحت کے ساتھ کھیلنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں اور قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ صرف پنجاب فوڈ اتھارٹی سے منظور شدہ اشیاء استعمال کریں اور شکایت کی صورت میں ہیلپ لائن 1223 پر اطلاع دیں۔