سانحہ فیصل چوک مال روڈ کے پولیس شہداء کی نویں برسی، پنجاب پولیس کا خراجِ عقیدت
02-13-2026
(لاہور نیوز) سانحہ فیصل چوک (چیئرنگ کراس) مال روڈ کے پولیس شہداء کی نویں برسی آج عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے۔
پنجاب پولیس نے بہادر شہیدوں کو سلام پیش کرتے ہوئے ان کی لازوال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے اپنے پیغام میں کہا کہ ملک و قوم کی حفاظت کرتے ہوئے فرض کی راہ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء پولیس ہمارا فخر ہیں، یومِ شہداء چیئرنگ کراس پنجاب پولیس کے بہادر سپوتوں سے تجدید عہد کا دن ہے۔ آئی جی پنجاب کے مطابق 2017ء میں آج ہی کے دن فیصل چوک مال روڈ لاہور پر پولیس افسران اور جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا، اس سانحے میں سید احمد مبین (ڈی آئی جی)، زاہد محمود گوندل (ایس ایس پی) سمیت سات پولیس افسران اور اہلکاروں نے شہادت کا عظیم رتبہ حاصل کیا۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق اے ایس آئی محمد امین، ہیڈ کانسٹیبل عصمت اللہ، کانسٹیبل محمد اسلم، عرفان محمود اور ندیم تنویر بھی شہداء میں شامل ہیں جنہوں نے فرض کی ادائیگی کے دوران جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ شہید پولیس افسران اور جوانوں کی قربانیاں ہمیشہ دلوں میں تازہ رہیں گی، پنجاب پولیس 1700 سے زائد شہداء کی امین ہے اور دہشت گردوں و جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہداء پولیس کے اہلخانہ کی ویلفیئر اور دیکھ بھال اولین ترجیح ہے اور ان کی فلاح و بہبود کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔