رمضان المبارک میں عوامی ریلیف کیلئے نگہبان پیکج کے تحت کارڈز کی تقسیم
02-12-2026
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر رمضان المبارک کے دوران عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کیلئے پنجاب حکومت نے اقدامات تیز کر دیئے۔
47 ارب روپے کے رمضان نگہبان پیکج کے تحت مستحق خاندانوں میں مالی معاونت کے کارڈز کی تقسیم کا عمل شروع کر دیا گیا جبکہ 12 لاکھ کارڈز اضلاع کو ارسال کئے جا چکے ہیں۔ اس حوالے سے چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں رمضان المبارک کیلئے سکیورٹی اور پرائس کنٹرول اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اجلاس میں سیکرٹری خزانہ، متعلقہ حکام، صدر بینک آف پنجاب جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز، آر پی اوز، ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز نے آن لائن شرکت کی۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ رمضان نگہبان پیکج کے تحت 42 لاکھ مستحق خاندانوں کو فی خاندان 10 ہزار روپے کے کارڈز فراہم کئے جائیں گے، ضلعی انتظامیہ مستحق خاندانوں کو یہ کارڈز گھر کی دہلیز پر فراہم کرے گی اور تقسیم کا عمل یکم مارچ تک مکمل کر لیا جائے گا، 14 فروری سے تمام سہولت بازاروں میں رمضان بازار فعال کر دیئے جائیں گے جہاں آٹا، پھل اور سبزیاں رعایتی نرخوں پر دستیاب ہوں گی۔ چیف سیکرٹری نے ڈپٹی کمشنرز کو ماہ صیام کے دوران گرانفروشی کے خلاف خصوصی مہم شروع کرنے اور گرانفروشوں و ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن جاری رکھنے کی ہدایت کی، انہوں نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی مقررہ قیمتوں پر دستیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو فیلڈ میں متحرک رکھا جائے، ڈپٹی کمشنرز کو منڈیوں میں نیلامی کے عمل کی خود نگرانی کرنے اور اشیاء کی طلب و رسد پر کڑی نظر رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی۔ چیف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور پھلوں و سبزیوں سمیت کسی بھی شے کی قلت برداشت نہیں کی جائے گی، انہوں نے افطار دسترخوانوں کے معاونین کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔ سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے چیف سیکرٹری نے مساجد اور امام بارگاہوں کیلئے فول پروف سکیورٹی پلان تیار کرنے، حساس مقامات پر سی سی ٹی وی کیمروں اور واک تھرو گیٹس کے ذریعے نگرانی سخت کرنے کا حکم دیا، آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ہدایت کی کہ سیف سٹیز اتھارٹی کے تمام کیمرے مکمل فعال رکھے جائیں جبکہ تراویح اور افطار کے اوقات میں پولیس پٹرولنگ اور سکیورٹی میں اضافہ کیا جائے۔ حکام کے مطابق رمضان المبارک کے دوران عوام کو ریلیف کی فراہمی اور امن و امان کے قیام کیلئے تمام متعلقہ ادارے متحرک رہیں گے۔