بانی پی ٹی آئی بروقت علاج نہ ملنے پر پریشان نظر آئے: بیرسٹر سلمان صفدر
02-12-2026
(لاہور نیوز) بانی پی ٹی آئی سے متعلق فرینڈ آف دی کورٹ بیرسٹر سلمان صفدر نے سپریم کورٹ میں رپورٹ پیش کی جس میں کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی بروقت علاج نہ ملنے پر پریشان نظر آئے۔
بیرسٹر سلمان صفدر کی رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے بتایا کہ 5 ماہ سے وکلا سے بھی ملاقات نہیں ہوئی، انہیں سردیوں میں ایک چھوٹا ہیٹر ملتا ہے، بانی کا کہنا ہے کہ گرمیوں میں ان کے سیل میں حبس ہو جاتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے مچھر اور کیڑے مکوڑے آنے کی بھی شکایت کی، عمران خان نے گرمیوں میں ٹھیک سے سو نہ پانے کا بھی شکوہ کیا، بہنوں اور رشتہ داروں سے ملاقات نہ ہونے پر مایوسی کا اظہار کیا۔ بانی کے مطابق انھیں گرمیوں میں ریفریجریٹر کی سہولت بھی میسر نہیں، بانی کا کہنا ہے کہ گرمیوں میں ملنے والا کول باکس مؤثر نہیں ہوتا، ان کے بقول انہیں گرمیوں میں 2، 3 بار فوڈ پوائزننگ ہوئی، گرمیوں میں ریفریجریٹر کی سہولت میسر نہیں۔ رپورٹ میں عدالت عظمیٰ کو بتایا گیا کہ بانی کی آنکھ میں خون کے لوتھڑے (بلڈ کلاٹ) کی تشخیص ہوئی جس کے باعث شدید نقصان ہوا، بانی پی ٹی آئی کی آنکھوں سے پانی بہہ رہا تھا جسے وہ بار بار صاف کر رہے تھے۔ بانی نے بتایا کہ دو سال سے دانتوں کا معائنہ بھی نہیں کرایا گیا، بانی نے بتایا کہ ان کی عمر کے مطابق باقاعدگی سے بلڈ ٹیسٹ نہیں کرائے جا رہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کے سیل میں موجود ٹی وی فعال نہیں ہے، وکلاء سے ملاقات کے بغیر شفاف ٹرائل کا بنیادی حق متاثر ہو رہا ہے، عدالت وکلا سے ملاقات کے معاملے پر مداخلت کرے۔ سفارش کی گئی کہ بانی پی ٹی آئی کی اہلخانہ کے ساتھ بلاتعطل ملاقاتیں کرائی جائیں، بانی پی ٹی آئی کے سیل سے مچھروں اور حشرات کے خاتمے کیلئے اقدامات کئے جائیں، بانی پی ٹی آئی کے سیل میں ریفریجریٹر جیسی بنیادی ضرورت بھی فراہم کی جائیں۔