فوڈ سیفٹی ٹیموں کی کارروائی، ناقص آئل میں پکوڑیاں بنانے والا یونٹ بند
02-12-2026
(لاہور نیوز) ماہِ مبارک سے قبل ناقص خوراک بنانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا گیا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے حکم پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے راوی ٹاؤن میں کارروائی کرتے ہوئے ناقص آئل میں پکوڑیاں تیار کرنے والے یونٹ کو بند کر دیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق چھاپے کے دوران فرائنگ ایریا کھلا پایا گیا جبکہ پروسیسنگ ایریا میں واش روم کی موجودگی جیسے سنگین نقائص سامنے آئے, دیواروں پر فنگس، بدبودار واشنگ ایریا اور حشرات کی بھرمار پائی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ موقع پر لازم آئل تبدیلی کا ریکارڈ، تلفی کا ریکارڈ اور دیگر ضروری دستاویزات موجود نہیں تھیں، یونٹ میں غیر فلٹر شدہ پانی استعمال کیا جا رہا تھا جبکہ ملازمین کی ذاتی صفائی کی صورتحال بھی انتہائی ناقص پائی گئی۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے خبردار کیا کہ ناقص اور غیر معیاری اشیائے خورونوش کا استعمال متعدد بیماریوں کا سبب بن سکتا ہے، اس لئے کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، رمضان المبارک کے دوران مسلسل چیکنگ کے لئے ٹیمیں تین شفٹوں میں کام کریں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سحر و افطار پوائنٹس کے علاوہ مشروبات، بیسن، مصالحہ جات، سموسہ رول پٹی، کیچپ اور پکوڑی یونٹس کی سخت نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ شہریوں کو معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔