انڈیپینڈنٹ گروپ کا لاہور میں بڑا پاور شو، صدارتی امیدوار راجہ عامر کی حمایت

02-11-2026

(محمد اشفاق) انڈیپینڈنٹ گروپ کا لاہور میں بڑا پاور شو، بڑے بڑے گروپ اکٹھے ہو گئے، سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان اور فواد چوہدری ایک ساتھ سٹیج پر بیٹھ گئے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انڈیپینڈنٹ گروپ کے سربراہ احسن بھون نے کہا کہ عاصمہ جہانگیر گروپ سیاسی نہیں بلکہ وکلا کی فلاح کا گروپ ہے ہم لاہور ہائیکورٹ بار کا الیکشن چوری نہیں ہونے دیں گے۔ لاہور کے مقامی ہوٹل میں سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کی جانب سے پاکستان بار کونسل کے نو منتخب ممبران کے اعزاز میں ظہرانہ کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں سربراہ اور انڈیپینڈنٹ گروپ احسن بھون ، وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل پیر مسعود چشتی ، ممبر پاکستان بار کونسل طاہر نصراللہ وڑائچ ، عامر سعید راں شریک ہوئے۔ سینئر قانون دان ڈاکٹر خالد رانجھا، منیر احمد خان، فیصد چودھری، رمضان چودھری، فیصل چودھری، بیرسٹر احمد پنڈورا سمیت ہزاروں کی تعداد میں وکلا شریک ہوئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ انڈیپینڈنٹ گروپ احسن بھون کا کہنا تھا کہ صدر لاہور ہائیکورٹ بار کے لیے ہمارا امیدوار راجہ عامر ہے ہمارے امیدوار کےلیے تمام سیاسی جماعتیں ایک پیج پر ہیں، پی ٹی آئی، پیپلز پارٹی ن لیگ سب یہاں موجود ہیں۔ احسن بھون نے مزید کہا کہ سٹیج پر ہم نے آگ اور پانی کو اکٹھا کر دیا ہے، آج سٹیج پر فواد چوہدری اور ملک احمد خان کی موجودگی اس بات کا ثبوت ہے، یہ کمپیوٹر کی بنیاد پر ہمارا ووٹ چوری کرتے رہے ہیں، ووٹ چوروں سے کہہ دو کہ اب ووٹ چوری ہوا تو بار آفس میں کوئی نہیں بیٹھے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کہا تھا کہ مشینوں کا فرانزک کرائیں، لاہور ہائیکورٹ بار کے الیکشن 28 فروری کو ہوں گے، ہم نے اپنے ملک میں انتشار پیدا نہیں کرنا اسے بچانا ہے، آج بلوچستان میں کونسی طاقتیں انتشار پھیلا رہی ہیں، ہم اپنے ملک میں امن قائم کرنے کےلیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ احسن بھون نے کہا کہ ہم کسی سیاسی جماعت، کسی اپوزیشن، کسی حکومت کا ایجنڈا نہیں لائیں گے، جہاں حکومت غلط کرے گی ہم ڈنکے کی چوٹ پر غلط کہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ راجہ عامر کامیاب ہوکر وکلا کی فلاح کے لیے تاریخی اقدامات کریں گے، وکلا کے لیے ہاؤسنگ سوسائٹی بھی بنے گی، ہم وعدے نہیں عملی اقدامات کرتے ہیں۔ تقریب سے وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل پیر مسعود چشتی نے خطاب میں کہا کہ وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل بنانے کا احسن بھون اور اعظم نذیر تارڑ کا مشکور ہوں، عاصمہ جہانگیر گروپ کا خاصہ ہے کہ کوئی بھی ممبر کسی بھی عہدے پر آسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عاصمہ جہانگیر گروپ سیاسی گروپ نہیں بلکہ وکلاء کی فلاح کا گروپ ہے، لاہور ہائیکورٹ بار کے الیکشن میں راجہ عامر ہمارے امیدوار ہوں گے، راجہ عامر کے لیے فواد چوہدری اور سپیکر ملک احمد خان دونوں سٹیج پر موجود ہیں، یہ اس بات کی گواہی ہے کہ راجہ عامر سب کا متفقہ امیدوار ہے۔ تقریب سے سابق وائس چیئرمین رمضان چوہدری سمیت دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے صدارتی امیدوار انڈیپینڈنٹ گروپ راجہ عامر کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔