پنجاب فوڈ اتھارٹی کا آپریشن، سموسہ رول پٹی یونٹ کی پروڈکشن بند
02-11-2026
(لاہور نیوز) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے ناقص اور غیر معیاری خوراک کی تیاری و فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کے مطابق شاہدرہ میں واقع ایک سموسہ رول پٹی یونٹ کی پروڈکشن قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر بند کر دی گئی، کارروائی کے دوران 5 بوریاں آٹا، 4 ٹیبل اور 2 مشینیں ضبط کر لی گئیں۔ یونٹ میں گندے ٹیبل اور زنگ آلود مکسنگ مشین کے ذریعے پٹی تیار کی جا رہی تھی جبکہ فوڈ ہینڈلرز کے ٹریننگ سرٹیفکیٹس اور میڈیکل سرٹیفکیٹس بھی موجود نہیں تھے، بغیر چھت صحن میں فرش پر سموسہ پٹی تیار کی جا رہی تھی اور صفائی کے ناقص انتظامات کے باعث حشرات کی بھرمار پائی گئی۔ علی الصبح ناکہ بندی کر کے 58 دودھ بردار گاڑیوں میں موجود 65 ہزار لٹر دودھ کی چیکنگ کی گئی، ٹولنٹن مارکیٹ میں بھی 2 ہزار 100 کلو مرغیوں کا معائنہ کیا گیا جس دوران ایک من سے زائد بیمار اور لاغر مرغیاں تلف کر دی گئیں اور متعلقہ سپلائرز کو وارننگ جاری کی گئی۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ کے ویژن کے مطابق عوام تک معیاری اور غذائیت سے بھرپور خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے مسلسل کارروائیاں جاری ہیں، رمضان المبارک کے آغاز سے قبل زیادہ استعمال ہونے والی اشیائے خورونوش کی خصوصی نگرانی کی جا رہی ہے جبکہ فوڈ سیفٹی ٹیمیں ماہ مبارک میں تین شفٹوں میں چھوٹے بڑے فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کریں گی۔