وسیم اکرم پی ایس ایل ٹیم سیالکوٹ سٹالینز کے صدر مقرر
02-11-2026
(ویب ڈیسک) وسیم اکرم پی ایس ایل ٹیم سیالکوٹ سٹالینز کے صدر مقرر ہو گئے، ٹیم سیالکوٹ سٹالینز کے آفیشل لوگو کی بھی رونمائی کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے نجی ہوٹل میں الفا اوزی سپورٹس کی تقریب میں سابق کپتان محمد وسیم اکرم کو باضابطہ طور پر سیالکوٹ سٹالینز کا صدر نامزد کیا گیا۔ وسیم اکرم نے تقریب میں آن لائن شرکت کی اور بطور صدر ٹیم کے روشن مستقبل کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ سیالکوٹ سٹالینز کو ایک مضبوط اور کامیاب فرنچائز بنانے کیلئے ہر ممکن کردار ادا کریں گے۔ تقریب کے دوران سیالکوٹ سٹالینز کا آفیشل لوگو بھی پہلی مرتبہ منظرِ عام پر لایا گیا۔ اس موقع پر سیالکوٹ سٹالینز کے ہیڈ کوچ ٹیم پین ، ٹیم کے کو-اونرز حمزہ مجید اور محمد شاہد بھی موجود تھے جنہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سیالکوٹ سٹالینز پاکستان سپر لیگ میں جدید فیچرز متعارف کروانے، کرکٹ کے فروغ اور کھیل کے معیار کو مزید بہتر بنانے کیلئے بھرپور کردار ادا کرے گی۔ اس کے علاوہ الفا اوزی سپورٹس کی چیئرپرسن صبیحہ سلطان نے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا اور اعلان کیا کہ ادارہ مستقبل میں خواتین کی کرکٹ کے فروغ اور ترقی کیلئے بھی عملی اقدامات کرے گا تاکہ پاکستان میں خواتین کے کھیل کو مزید مواقع فراہم کئے جا سکیں۔ انہوں نے سیالکوٹ سٹالینز کے اس اقدام کو لیگ اور پاکستانی کرکٹ کیلئے ایک مثبت اور خوش آئند پیش رفت قرار دیا۔