رواں سال کا پہلا سورج گرہن 17 فروری کو ہو گا

02-10-2026

(لاہور نیوز) رواں سال کا پہلا سورج گرہن 17 فروری کو ہو گا، پاکستان سمیت ایشیا کے بیشتر ممالک میں نظر نہیں آئے گا۔

ماہرین فلکیات کے مطابق اس گرہن کے دوران چاند سورج کے عین سامنے آئے گا مگر چونکہ چاند اس وقت زمین سے نسبتاً دور ہوگا، اس لئے سورج مکمل طور پر نہیں چھپے گا بلکہ سورج کے گرد آگ کے دائرے جیسا منظر نظر آئے گا جسے رِنگ آف فائر کہا جاتا ہے۔ فلکیاتی اداروں کے مطابق یہ گرہن 17 فروری کو ہوگا اور اس کا زیادہ سے زیادہ مرحلہ عالمی وقت کے مطابق تقریباً 12 بج کر 12 منٹ پر ہوگا جبکہ مکمل عمل تقریباً 09:56 سے 14:27 یو ٹی سی تک جاری رہے گا۔ ماہرین کے مطابق مکمل رِنگ آف فائر کا نظارہ صرف انٹارکٹیکا کے دور دراز علاقوں میں ممکن ہوگا جبکہ جنوبی افریقا، جنوبی امریکا اور سمندری علاقوں کے کچھ حصوں میں جزوی سورج گرہن دیکھا جا سکے گا۔ سائنس ویب سائٹس کے مطابق اس گرہن کے دوران چاند سورج کے تقریباً 96 فیصد حصے کو ڈھانپے گا اور یہ منظر زیادہ سے زیادہ تقریباً دو منٹ تک دیکھا جا سکے گا۔ دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان، بھارت اور ایشیا کے بیشتر علاقوں میں یہ گرہن نظر نہیں آئے گا، تاہم دنیا بھر کے لوگ اسے لائیو سٹریم کے ذریعے دیکھ سکیں گے، ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ سورج گرہن کو دیکھنے کے لئے خصوصی حفاظتی چشمے استعمال کرنا ضروری ہوتے ہیں کیونکہ براہ راست سورج کو دیکھنا آنکھوں کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔