محفوظ بسنت کے کامیاب انعقاد پر مریم اورنگزیب کا وزیراعلیٰ اور عوام کو خراجِ تحسین

02-10-2026

(لاہور نیوز) صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے محفوظ بسنت کے کامیاب انعقاد پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور عوامِ لاہور کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ محفوظ بسنت صرف ایک تہوار نہیں بلکہ اچھی قیادت اور عوامی تعاون کی کامیاب مثال ہے جس  نے ناممکن کو ممکن بنا دیا، لاہور کی ایئر کوالٹی میں بہتری، ثقافتی رنگوں کی بحالی اور سیاہ آسمان کے بجائے نیلے آسمان کی واپسی ایک یادگار لمحہ ہے، جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں اہلِ لاہور  نے ایک مقصد کیلئے متحد ہو کر کام کیا اور محفوظ بسنت منا کر بہترین مثال قائم کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے دو سال کی مسلسل محنت سے فضا کو دھوئیں سے پاک کیا اور آلودگی کے باعث سیاہ ہونے والے آسمان کے قدرتی رنگ واپس لوٹائے، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب کے ہر شعبے میں آلودگی کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات کئے۔ صوبائی وزیر کے مطابق صنعتوں، فیکٹریوں، بھٹوں، گاڑیوں، رکشوں، ہوٹل مالکان سمیت اہلِ پنجاب اور خصوصاً لاہوریوں نے وزیراعلیٰ کے اقدامات کا بھرپور ساتھ دیا، جس کے نتیجے میں دہائیوں بعد لاہوریوں  نے صاف اور نیلا آسمان دوبارہ دیکھا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ بہتر فضائی معیار اور صاف نیلا آسمان دراصل وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے وژن اور عوام کی مشترکہ محنت کا انعام ہے، انہی کوششوں کی بدولت سموگ میں نمایاں کمی آ رہی ہے اور پاکستان کے ثقافتی دل لاہور میں میلوں، تہواروں اور ثقافت کی رونقیں واپس لوٹ آئی ہیں۔