لاہور میں موسم خوشگوار، آلودگی میں کمی ریکارڈ
02-10-2026
(لاہور نیوز) لاہور میں آج صبح سویرے موسم خوشگوار رہا جہاں سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، اس وقت شہر کا موجودہ درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جا رہا ہے، شہر کے افق پر ہلکے بادل موجود ہیں تاہم محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا فی الحال کوئی امکان نہیں۔ ہوا میں نمی کا تناسب 82 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ 8 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہلکی ہوائیں بھی چل رہی ہیں، جس کے باعث موسم میں خنکی محسوس کی جا رہی ہے۔ دوسری جانب لاہور کی فضائی آلودگی میں آج کے دن معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، تاہم اس کے باوجود شہر آلودگی کے اعتبار سے دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں چوتھے نمبر پر آ گیا ہے۔ ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق لاہور کا مجموعی اوسط اے کیو آئی 210 سے زائد ریکارڈ کیا گیا ہے، جو صحت کیلئے مضر قرار دیا جاتا ہے، ماہرین نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔