پاکستان اور چیئرمین پی سی بی کے شکر گزار ہیں: صدر بی سی بی

02-10-2026

(لاہور نیوز) صدر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ امین الاسلام نے کہا کہ کڑے وقتوں میں ساتھ دینے پر پاکستان اور چیئرمین پی سی بی کے شکر گزار ہیں۔

دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں  نے کہا کہ پاکستان  نے کڑے وقتوں میں ہمارا ساتھ دیا، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بنگلہ دیش کیلئے مضبوط اسٹینڈ لیا۔ واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے درمیان تعمیری اور خوشگوار مکالمہ اختتام پذیر ہو گیا جس میں مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 سمیت جنوبی ایشیا میں کرکٹ کے مجموعی مستقبل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق مذاکرات کے دوران بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کی آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ میں عدم شرکت پر افسوس کا اظہار کیا گیا تاہم عالمی کرکٹ کے منتظم ادارے نے اس بات کا اعادہ کیا کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ ایک باوقار فل ممبر ہے جس کی کرکٹ تاریخ شاندار اور عالمی کھیل کے فروغ میں اہم کردار رہا ہے۔ آئی سی سی  نے یقین دہانی کرائی کہ بنگلہ دیش کی ٹیم کی اس ٹورنامنٹ میں غیر موجودگی سے ملک میں کرکٹ پر کوئی طویل المدتی منفی اثرات مرتب نہیں ہوں گے۔