لاہور،2 مختلف مقامات پرپولیو ٹیموں پر تشدد، مقدمات درج

02-09-2026

(ویب ڈیسک)لاہور میں دو مختلف مقامات پرپولیو ٹیموں پر تشدد کے واقعات پیش آئے جس میں ملوث ملزمان کیخلاف مقدمات درج کرلیے گئے۔

ہربنس پورہ کے علاقے میں تین خواتین سمیت 8 افراد نے پولیو ٹیم انچارج یوسی 44 ندیم اشرف اور اس کی ٹیم کو تشدد کا نشانہ بنایا، تھانہ ہربنس پورہ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا۔     ایف آئی آر کے مطابق مہر فیاض کالونی میں سمیرا بی بی نامی خاتون کے گھر بچی کو پولیو کے قطرے پلانے کا کہا جس پر مذکورہ خاتون نے پولیو ٹیم کو وہاں سے جانے کا کہا اور بعد ازاں 5 نامعلوم افراد کو بلوا کر پولیو ٹیم کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ ملزمان نے پولیس کے موقع پر پہنچنے پر پولیس اہلکاروں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا اور دھمکیاں دیں۔ شاہدرہ کے علاقے میں خاتون پولیو انچارج اور ٹیم کو زد و کوب کیا گیا، پولیو انچار ج عارفہ طاہر اپنی ٹیم کے ہمراہ چمن کالونی میں نعیم کے گھر بچوں کو پولیو قطرے پلانے گئی تھیں،  نعیم کی بیوی ماریہ اور اس کے بچوں نے پولیو ٹیم کو پولیو کے قطرے پلانے سے منع کرتے ہوئے زد و کوب کیا، تھانہ شاہدرہ میں انچارج پولیو عارفہ طاہر کی مدعیت میں کار سرکار میں مداخلت سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔